پیر، 25 اگست، 2014

25 اگست 2014 کی ملی جلی خبریں

فضل الرحمن کا بیان خانہ جنگی کرانے کی سازش ہے: اہلسنت تنظیمیں

25 اگست 2014


فضل الرحمن کا بیان خانہ جنگی کرانے کی سازش ہے: اہلسنت تنظیمیں

لاہور(خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل، جماعت اہلسنّت، تحفظ ِ ناموسِ رسالت محاذ، سنی تحریک، منہاج القرآن علماء کونسل اور جے یو پی سمیت 35 اہلسنّت تنظیمات کے رہنمائوں نے لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کا اسلام آباد پر چڑھائی کا اعلان ملک میں خانہ جنگی کروانے کی سازش ہے۔ حکومتی جماعت کی ریلیوں سے ٹکرائو، تصادم، اشتعال انگیزی اور محاذ آرائی بڑھے گی۔ مسلم لیگ ن اپنی ریلیاں منسوخ کرے۔ کالعدم تنظیموں کی حکومت کے حق میں ریلیوں سے حکمرانوں اور دہشت گردوں کا گٹھ جوڑ ثابت ہو گیا ۔ راہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ سانحۂ ماڈل ٹائون کے شہداء کے ورثاء کی ایف آئی آر فی الفور درج کی جائے اور ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔    پریس کانفرنس کے شرکاء میں سنی اتحاد کونسل کے مفتی محمد حسیب قادری، جماعت اہلسنّت کے علامہ قاری فیروز صدیقی، تحفظ ِ ناموسِ رسالت محاذ کے مولانا محمد علی نقشبندی، سنی تحریک کے مولانا مجاہد عبدالرسول، منہاج القرآن علماء کونسل کے علامہ حاجی امداد اﷲ نعیمی، نیشنل مشائخ کونسل کے خواجہ غلام قطب الدین فریدی، جے یو پی نیازی کے پیر سیّد محمد معصوم نقوی، انجمن طلبائے اسلام کے محمد اکرم رضوی، جمعیت علمائے پاکستان نورانی کے مولانا حافظ نصیر احمد نورانی، پاکستان عوامی تحریک کے چوہدری ارشاد احمد طاہر، تحریک منہاج القرآن کے ممتاز احمد صدیقی اور دیگر بھی شامل تھے۔


لاہور میں عوامی تحریک‘ مجلس وحدت مسلمین‘ سنی اتحاد کونسل کے دھرنے

25 اگست 2014

لاہور + ساہیوال (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگار) لاہور میں پریس کلب کے سامنے انقلاب مارچ کے حق میں پاکستان عوامی تحریک‘ مجلس وحدت مسلمین اور سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام دھرنا دیا گیا جبکہ ساہیوال میں پاکستان تحریک انصاف کے حق میں احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ لاہور میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا  ڈاکو اور لٹیرے ایک دوسرے کو بچانے کیلئے سرگرم ہیں پاکستان میں سٹیٹس کو کی پیداوار اپنی بقا کی جنگ کے لئے متحد ہو گئے لہٰذا پاکستانی غریب عوام کو قائداعظم کا پاکستان بچانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، اقتدار کے ہوس میں حکمران اندھے ہو چکے ہیں عوامی غیض و غضب سے حکمرانوں کا بچنا ممکن نہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن بدترین ریاستی بربریت اور پنجاب کے حکمرانوں کا سیاہ کارنامہ ہے اس کا حساب قانون و آئین کے مطابق ہم ضرور لیں گے۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنما علامہ حسن ہمدانی نے کہا کہ اقتدار کے ہوس میں حکمران اندھے ہو چکے ہیں عوامی غیض و غضب سے حکمرانوں کا بچنا ممکن نہیں۔ عوامی تحریک کے رہنما  محمد حنیف طاہر صدیقی نے کہا کہ ہمارے شہداء کے قاتلوں کیخلاف ایف آئی آر عدالتی حکم کے باوجود بھی درج نہیں کیا جا رہا ہمارے کارکنوں کو پنجاب بھر میںہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہم اپنے مطالبات اور اپنے اہداف کے حصول تک پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ سنی اتحاد کونسل کے رہنما مفتی محمد حبیب قادری نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن بدترین ریاستی بربریت اور پنجاب کے حکمرانوں کا سیاہ کارنامہ ہے اس ظلم کا حساب ہم ضرور لیں گے جبکہ ساہیوال میں پاکستان تحریک انصاف ضلع ساہیوال اور یوتھ ونگ نے مشترکہ کالج چوک میں حکومت کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا دھرنے میں میاں بابر صغیر، سید رضوان شاہ، شہزاد خان، میاں نوید اسلم، ڈاکٹر جابر حسین اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران ملک و قوم پر رحم کھائیں اور نوشتہ دیوار سمجھ کر مستعفی ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ احتجاج حکومت کی رخصتی تک جاری رہے گا۔

ملی یکجہتی کونسل کے رہنمائوں کی طاہرالقادری سے ملاقات، 10 نکات کی حمایت

25 اگست 2014


اسلام آباد(ثناء نیوز) ملی یکجہتی کونسل نے پاکستان عوامی تحریک کے 10نکات کی حمایت کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ بعض قوتیں دھرنوں کو بنیاد بنا کر ملک میں فرقہ وارانہ فسادات پھیلانا چاہتی ہیں امید ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہوجائے گا۔ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ان کے کنٹینر میں ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے  امید ظاہر کی کہ یہ مسئلہ جلد ہی حل ہوجائے اور ملک نظام مصطفی کا گہوارہ بنے گا انہوں نے کہا یہ ہماری بھی خواہش ہے اور ہم اس کے لیے جدوجہد بھی کررہے ہیں ڈاکٹر طاہرالقادری اسی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ہم فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے حق میں ہیں۔ انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور ملک نظام مصطفی کا گہوارہ بنے گا اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ اس حادثے کے بعد وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کو مستعفی ہوجانا چاہیے کیونکہ جب تک عدالت کی طرف انہیں کلین چٹ نہیں مل جاتی انہیں یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ اس منصب پر فائز رہیں۔ اس کے لیے ایک ایسا عدالتی کمیشن بننا چاہیے جس میں پنجاب کا کوئی جج شامل نہ ہو تاکہ وہ اس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر سکے۔  قبل ازیں ملک کی 30سے زائد دینی مذہبی جماعتوں وتنظیموں اور تمام مسالک کے جید علماء کرام پر مشتمل ملکی یکجہتی کونسل نے تجویز دی ہے کہ  وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے استعفوں کا مطالبہ عدالتی کمیشن کی رپورٹس سے منسلک کردیا جائے  سانحہ ماڈل ٹائون کے عدالتی کمیشن پر اعتماد پیدا کرنے کے لیے پنجاب سے باہر کے جج حضرات کا کمیشن تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ کونسل نے اسلام آباد میں سیاسی متحارب فریقین میں مصالحت  اور حکومت، عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری سے رابطوں کے ذریعے باعزت درمیانی راستہ نکالنے کا اعلان کر دیا کونسل نے واضح کیا ہے کہ عوام پر مہنگائی بیروزگاری کرپشن کا ذمہ دار مراعات یافتہ مٹھی بھر طبقہ مسلط ہے مسائل اور مشکلات دور کرنے کیلئے اسلام کے معاشی نظام سے انحراف اور سودی نظام ختم کیا جائے جمعہ کی تعطیل بحال کی جائے اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پارلیمنٹ میں زیر بحث لائی جائیں اور قرآن و سنت سے متصادم قوانین کو ختم کرتے ہوئے اسلامی قانون سازی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار کونسل کے گذشتہ روز ہنگامی مشاورتی اجلاس کے بعد کونسل کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، علامہ ساجد علی نقوی اور دیگر رہنمائوں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رابطوں کے لئے علامہ امین شہیدی کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے۔ کونسل کا اجلاس ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کونسل کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر زبیر نے پریس کانفرنس میں یہ اعلامیہ پڑھا جس میں کہا گیا کہ پاکستان چاروں اطراف سے خطرات میں گھرا ہوا ہے۔ فوجی اور سکیورٹی اداروں کے افسر اور جوان قربانیاں دے رہے ہیں۔ اس لیے ملک کسی سیاسی، جمہوری یا پارلیمانی حادثے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ حکومت اور آزادی وانقلاب مارچ کے قائدین حالات کی سنگینی کا ادراک کریں اور مذاکرات کے ذریعے باعزت ودرمیانی راستہ اختیار کریں۔ ڈیڈلاک اور بند گلی میں بند ہونے کی حکمت عملی سب کے لیے تباہی کا باعث ہوگی۔


کسی کو پارلیمنٹ یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی: شاہ اویس نورانی، مفتی منیب الرحمن

25 اگست 2014


کراچی (این این آئی) آزادی اور انقلاب کے نام پر بے حیائی کو پروان چڑھانے کا عمل ختم کیا جائے، تمام فریق مل بیٹھ کر آئین اور قانون کی روشنی میں مسائل کا حل تلاش کریں۔ کسی شخص کو یہ اجازت نہیں دی جاسکتی ہے کہ وہ منتخب پارلیمنٹ کو یرغمال بنائے۔ 14 اگست کا دن آزادی کا ہے لیکن افسوس اسکو بھی سوالیہ نشان بنادیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء پاکستان کے ناظم اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمن نے بیت الرضوان میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ 14 اگست سے اب تک جو صورت حال پیدا ہوئی ہے، اس نے جہاں ملکی معیشت اور استحکام کو تباہ کردیا ہے وہیں پر قوم نفسیاتی مریض بن گئی ہے۔ پارلیمنٹ نظام کو بچانے کیلئے متفق ہے لیکن کچھ لوگ چند افراد کے ساتھ دھرنوں کے ذریعے نظام کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں۔ مخلوط رقص اور احتجاج دینی، ملی اور اخلاقی اقدار کے خلاف ہے۔ اگر آزادی کے ٹریلر کا یہ عالم ہے تو پھر مکمل آزادی کس طرح کی ہوگی۔ ہمیں جو چہرے نظر آرہے ہیں ان کا غریبوں سے کوئی تعلق نہیں۔ فوج نے اب تک جس صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا ہے ہم اس کا احترام کرتے ہیں۔ ایک طرف آپریشن ضرب عضب جاری ہے دوسری طرف بھارت دھمکیاں دے رہا ہے لیکن ہم ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے بجائے انتشار کا شکار ہیں۔ فریقین ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا کہ انقلاب اور آزادی کے نام پر یوم آزادی کو مسخ کردیا گیا ہے۔ ہم جمہوریت پسند قوتوں کے ساتھ ہیں اور ان کے اقدام کی تائید کرتے ہیں۔

علی بابا چالیس چور جمہوریت کی چھتری تلے سول ڈکٹیٹرشپ کے ریکارڈ توڑ رہے ہیں: مشرف

25 اگست 2014


کراچی/ اسلام آباد (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے نواز زراری ملاقات پر کہا ہے کہ علی بابا چالیس چور آج جمہوریت کی چھتری کے نیچے اکٹھے ہو کر سول ڈکٹیٹرشپ کے تمام ریکارڈ توڑ رہے ہیں، شاہراہ دستور پر ان کی جمہوریت کے عملی مناظر قوم خود اچھی طرح سے دیکھ سکتی ہے، ملک بھر سے اپنے حقوق کیلئے آنے والوں کو دہشت گردی کے نام پر کنٹینرز لگا کر قید کر دیا گیا ہے، ہزاروں خواتین، بچے، بوڑھے، مرد و جوان پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، جمہوریت تو میرے دور میں تھی جب دو مرتبہ بلدیاتی و قومی الیکشن ہوئے، تمام حکومتوں نے ملکی  تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنی آئینی مدت پوری کی، مجھے ڈکٹیٹر کہنے والے جمہوریت کے ساتھ جو کچھ کر رہے ہیں پوری قوم سب دیکھ رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ آج یہ خود اپنے ہاتھوں ہی انجام کو پہنچ رہے ہیں۔ وہ ڈاکٹر محمد امجد اور اے پی ایم ایل کے سینئر نائب صدر میجر جنرل (ر) راشد قریشی سے  اتوار کو ٹیلی فونک بات  چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے پارٹی ذمہ داران کو پھر ہدایت کی کہ انقلاب مارچ  کے شرکاء کو پینے کا صاف پانی ناشتہ اور کھانا باقاعدگی سے مہیا کریں۔ ڈاکٹر امجد اور میجر جنرل راشد قریشی نے پاکستان عوامی تحریک کی قیادت کو پرویز مشرف کا اظہار یکجہتی کا پیغام بھی پہنچایا۔ عوامی تحریک نے پانی اور ناشتہ فراہم کرنے پر پرویز مشرف، ڈاکٹر محمد امجد اور میجر جنرل (ر) راشد قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں