جمعرات، 10 نومبر، 2016

عرس پر داتا دربار کے ناقص انتظامی امور کی طرف توجہ

روزنامہ نوائے وقت 20 نومبر 2016 |  ڈاک ایڈیٹر
              مکرمی!ماہِ صفر کا آغاز ہو چکا ہے اور حضرت داتا گنج بخش علی ہُجویری رحمۃ اللہ علیہ کا عرس قریب ہے۔ محکمہ ٹاون میونسپل داتا گنج بخش ٹاؤن لاہور، محکمہ اوقاف اور غیر سرکاری مقامی انتظامیہِ عُرس کی توجہ اِس امر کی طرف مبذول کرانا مقصود ہے کہ دُدور دراز سے عرس میں شرکت کی غرض سے حاضر ہونے والے ہزاروں زائرین کو لاہور آکر متعدد قسم کی دُشواریوں اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، داتا دربار کی طرف آنے والے تقریباً تمام راستوں پر صفائی کی حالت بتدریج خراب ہوتی جا رہی ہے مرکزی دروازے کے سامنے مین روڈ پر جگہ جگہ غلاظت کے ڈھیر پڑے رہتے ہیں اور ایک کثیر تعداد میں لوگ وہاں ’’گندگی‘‘ پھیلاتے ہیں دربار میں ملحقہ گلیوں خصوصاً جنوبی اور مغربی اطراف کی بُری صورت حال ہے جنوبی جانب والی گلیوں میں جگہ جگہ گڑھے موجود ہیں جہاں گندا پانی کھڑا رہتا ہے اور مغربی یعنی بلال گنج آٹو مارکیٹ کی گلیوں میں بھی سڑک کو بطورِ طہارت خانہ استعمال کرنے کا عام رواج ہے۔ کچھ طہارت خانے درگاہ شریف کے اندرون میں بنائے گئے ہیں جبکہ عموماً نشئی یا دیگر افراد باہر گلیوں کا رُخ کرتے ہیں شمال مشرقی کونے پر واقع طہارت خانے کے باہر بیٹھے لوگ دس روپے چارج کرتے ہیں جس قدر بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد عرس کے دنوں میں ہوتی ہے اُسے بہتر انداز سے سنبھالنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عارضی طور پر بہت سے کار آمد منصوبے عمل میں لانے کی گزارش ہے اور دربار شریف کے قُرب و جوار میں واقع گلیوں اور سڑکوں کی مرمت کرنے کی استدعا ہے۔
(عبدالرزاق قادری، ملک پارک بلال گنج لاہور)