about me

           میری پیدائش ضلع وہاڑی کے ایک گاؤں میں کو ہوئی (قومی شناختی کارڈ پر 1990ء کی تاریخ پیدائش درج ہے) گھر والوں نے میرا نام میرے ایک شہید ہو جانے والے چچا کے نام پر محمد رزاق رکھا ان کی قبر کے کتبے کے مطابق وہ 22 مارچ 1986 کو سیاچن میں برف کے تودے کے نیچے آ کر شہید ہو گئے تھے پھر جب ہم ضلع لیہ کے ایک گاؤں میں رہتے تھے اور سکول میں داخل ہوتے وقت ایک اہلحدیث استاد عطاءاللہ صاحب نے میرا نام بدل دیا وہ ہمارے پرائمری سکول کے ہیڈ ماسٹر تھے انہوں نے فرمایا کہ رزاق تو اللہ کا نام ہے لہٰذا عبدالرزاق نام ہونا چاہیے ورنہ شرک کاخدشہ ہے تب سے میرا نام عبدالرزاق ہے مفتی اعظم پاکستان علامہ مولانا محمد ارشد القادری سے بیعت کے بعد نام کے ساتھ قادری بھی لکھنا شروع کر دیا بچپن پہلے وہاڑی میں چند سال گزرے ان کی یادیں میں نے لکھ دی ہیں اور اس کا عنوان اسے کیا خبر تھی رکھا ہے یہ میری اپنی بچپن کی یادیں ہیں اس کے بعد 1990 یا 1991 میں ہم لوگ ضلع لیہ میں اپنے ننھیال سے قریباً 25 کلومیٹر دور جا بسے وہاں ساتویں جماعت تک سکول میں تعلیم حاصل کی ساتھ ساتھ ہماری والدہ محترمہ ہمیں باقاعدگی سے صبح اور شام کے وقت مسجد میں قرآن مجید پڑھنے کے لئے بھیجتی رہیں اور میں نے وہاں قرآن پاک کے 23 سپارے پڑھے اس کے دوران ایک بار پہلا سپارہ آدھا حفظ بھی کیا تھا ہماری تعلیم ابھی ادھوری تھی کہ 25 جنوری 1999 سے مزدوری کرنے کے لئے فیصل آباد پہنچا دئیے گئے وہاں پاور لومز کی فیکٹری میں وائنڈر مین کے طور پر مزدوری کا آغاز کیا ڈیڑھ برس کے بعد میں 12 اگست 2000 کو لاہور آ گیا یہاں آکر مدرسے میں داخلہ لیا اور مکمل قرآن مجید حفظ کیا، 2005 میں وہاڑی جا کر نویں جماعت ملتان بورڈ سے پاس کی اور 2006 میں لاہور بورڈ سے دسویں پاس کی، 2008 میں انٹرمیڈیٹ پاس کیا، 2010 میں پنجاب یونیورسٹی سے بی اے پاس کیا، 2011ء میں پنجاپ یونی ورسٹی اولڈ کیمپس لاہور سے ہندی بھاشا کی تعلیم حاصل کی، اس دوران بہت سے واقعات پیش آئے اور مذہبی لوگوں سے ملنا جلنا رہا میں اپنی یادیں لکھتا رہتا ہوں 2011 کے اختتام سے میں آن لائن قرآن مجید پڑھا رہا ہوں ایک میگزین ماہانہ نوائے منزل لاہور میرے مضامین بھی شائع ہوتے رہتے ہیں میرا مشغلہ مطالعہ ہے میں اسلامی فکری تحقیقی تنقیدی اور ادبی مطالعے کا شوق رکھتا ہوں پھر اسی وجہ سے لکھتا بھی رہتا ہوں
میری ہستی کا گمان جب خاک میں مل جائے گا
یاد تازہ ہوگی میری زیست کی تصویر سے