ہفتہ، 30 جون، 2012

داتا دربار لاہور پر ہونے والے سفاکانہ بم دھماکوں کو دو سال پورے ہو گئے

یکم جولائی طلوع ہونے کو ہے داتا دربار لاہور پر ہونے والے سفاکانہ بم دھماکوں کو دو سال پورے ہو گئے مجرم گرفتار نہ ہوئے۔ یہ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے پولیس کے لیے نوشتہ دیوار ہے اور حساس اداروں کے لیے تازیانہ عبرت ہے ہماری مجموعی بے حسی اور بے بسی پر سوالیہ نشان ہے انصاف کے علم بردار سوئے ہوئے ہیں انسانی حقوق کی تنظیموں کو ڈیڑھ سو سے زیادہ متاثرہ خاندانوں کے علاوہ کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کا کچھ بھی احساس نہیں
فطرت افراد سے اغماض بھی کر لیتی ہے

کبھی کرتی نہیں ملت کے گناہوں کو معاف


بدھ، 20 جون، 2012

لاہور میں میرے ساتھ ڈاکے کی واردات

آج 20 جون 2012 صبح 4 بجے کے چند منٹ بعد جب میں آن لائن قرآن پڑھانے کے لیے دفتر جا رہا تھا ۔ داتا دربار سے ایک رکشہ والے نے کہا ، 
کلمہ چوک ، کلمہ چوک
کتنا کرایہ ؟
پچاس روپے فی مسافر
بھائی میں روزانہ جانے والا مزدور ہوں ، تھوڑا کم کر لو ، دیکھو کتابیں بھی پکڑی ہیں ، طالب علم بھی ہوں۔
صرف یہاں سے سواری (مسافر) بٹھانی ہے ، پھر نان سٹاپ چلتے ہی جانا ہے۔
پیسے کم کر لو۔
پہلے ہی کم ہیں۔
میں رکشے میں بیٹھ گیا۔ بھاٹی سے گزرتے ہوئے مزید لوگوں کو شریک سفر کرنا چاہا
کلمہ چوک ،کلمہ چوک ۔۔۔۔۔۔۔ لیکن کوئی مسافر نہ ملا۔ رکشے والے نے بتایا ۔ اس کی فلاں فلاں مستقل سواریاں (مسافر) ہیں ۔ اگر وہ ہوں تو مجھے کبھی اضافی سواری کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔ میں نے پونے پانچ بجے قینچی پھاٹک پہنچنا ہے۔ وہاں سے بھی کسی مستقل سواری کو پک اینڈ ڈراپ کرنا ہے۔
رکشے والے کو میں نے اپنا پیشہ بتایا۔ اس نے میرے دفترکا پتہ بھی پوچھا۔ برکت مارکیٹ بتایا�آآ گے ضلع کچہری سٹاپ سڑک زیر تعمیر اور راستہ بند تھا ، اس نے گورنمنٹ کالج یونی ورسٹی کی طرف سے موڑا ۔ 
جی۔ سی۔ یو (گورنمنٹ کالج یونی ورسٹی ) کے گیٹ سے ناصر باغ (گول باغ) کے بالائی حصے سے گھوم کر اگلے چوک سے عجائب گھر کے سامنے سے گزرا۔ پنجاب پبلک لائبریری کے مرکزی دروازے کے سامنے سے ہو کر جین مندر چوک(بابری مسجد چوک) سے لیک روڈ (پی آئی اے کے جہاز والے پارک کے اس طرف سے) ہو کر چوبرجی۔
رکشہ ڈرائیور راستے میں سڑکوں کی توڑ پھوڑ پر صوبائی حکومت ، اور بجلی کی لوڈشیڈنگ پر وفاقی حکومت کو الزام دیتا رہا۔ میں بھی حسب عادت ان موضوعات پر اپنا اظہار رائے کرتا رہا۔
رکشے والے نے کہا ۔ ہمارے دو ہی سٹاپ ہیں ۔ دربار اور چوبرجی۔ ورنہ نان سٹاپ۔ چوبرجی بھی شور مچایا ۔
کلمہ چوک ، کلمہ چوک ۔۔۔۔ ماڈل ٹاؤن موڑ ، کلمہ چوک ، کلمہ چوک
ویگن کے انتظار میں کھڑے ایک مسافر نے کہا ، قینچی سٹاپ۔۔؟
نہیں ، بس کلمہ چوک اور موڑ ماڈل ٹاؤن تک بس 
یوں رکشہ آگے ہانک دیا ۔ چند قدم کے بعد دو تین افراد کو پھر دعوت سفر۔ پھر انکار۔
میانی صاحب قبرستان کا علاقہ شروع ہوا۔
غازی علم دین والی گلی گزر کر آگے۔۔۔۔
دائیں طرف سے ایک موٹر سائیکل قریب ہوئی ۔ دو صحت مند سپاہیوں کی طرح کے نوجوان ۔ پچھلے کے ہاتھ میں کالے رنگ کا پستول ۔۔۔۔۔۔
سائیڈ پر لگاؤ ۔۔۔۔۔۔ رکشا سائیڈ پر لگاؤ ۔۔۔۔۔۔ 
وہ رکشا روک کر آگے سے گھوم کر آئے ۔ اگلی سائیڈ پر دوکانیں تھیں ۔ وہاں سے ایک اور آدمی نکلا۔ پستول والے نوجوان نے کہا۔
پیچھے گلی میں چلا جا ۔۔۔۔ پیچھے گلی میں چلا جا ۔۔۔۔
وہ بھی پیچھے چلا گیا۔ اپنی جان پیاری تھی ۔ 
سپاہی نما (عام سی شرٹ اور جینز میں ملبوس) ڈاکو نوجوان نے مجھے کہا۔ پرس(والٹ) اور موبائل نکال دو۔
میرے پاس جو پیسے تھے وہ بھی دے دیے۔ موبائل بھی بادل نخواستہ ۔ سوچا اب اتنے لوگوں کے رابطہ نمبرز کہاں سے آئیں۔ سوچا سِم میں 250 نمبر ہیں۔ چونکہ اس طرح کی صورت حال سے دوسری بار پالا پڑا تھا۔ پہلی بار 6 اکتوبر 2009 کی شام آٹھ بجے بھی نواب ٹاؤن یہی معاملہ درپیش آیا تھا۔
حوصلہ کر کے کہ دیا۔
سِم نکال دو۔
ڈاکو:نکال کے دیتے ہیں تجھے۔۔!
میری جیب میں سے باقی سب چیزیں چیک کر کے رکشے کی سیٹ پر پھینک دیں۔ شناختی کارڈ۔ صحافتی کارڈ۔ ڈیبٹ کارڈ۔ مختلف وزیٹنگ کارڈز۔ پرچیاں۔ بس ٹکٹ۔ ریل کا ٹکٹ(کزن عرفان کا، جس کرایہ چالیس درج ہے اور ٹکٹ گھر والے لیتے نوے روپے ہیں)
مکمل جامہ تلاشی لی۔ میری کتابیں صفحات پلٹ پلٹ کر دیکھیں۔ نوٹس کی فائل کو بھی چھانٹا ۔ 
رکشے والے نے اس ڈاکو میرا پیشہ بتایا۔
اے قرآن پڑھاندے نے جی۔
ڈاکو نے میری ڈاڑھی کو ہاتھ لگایا ۔ جیسے پیار نما ترس یا ترس نما پیار کیا ہو۔
یہ تھیلے میں کیا ہے؟
مجھے نہیں پتا ۔ میں تو دربار سے بیٹھا ہوں یہ پہلے سے ہی تھا۔
اب رکشے والے سے یہ تھیلے میں کیا ہے؟ جی سبزی ہے۔ گھر کے لیے۔
اور ڈاکو موٹر سائیکل پر بیٹھ کر یہ جا ۔وہ جا۔
گلی والا چاچا بھی آگیا۔
کوئی گل نہیں صوفی صاحب۔ اللہ ہور دے دئے گا۔ کوئی گل نہیں صوفی صاحب۔ اللہ ہور دے دئے گا۔ کوئی گل نہیں صوفی صاحب۔ اللہ ہور دے دئے گا۔پریشان نہ ہووو۔(شاید اسے پتہ تھا کہ کل جب اس کے اپنے ساتھ بھی خدانخواستہ ایسا ہوا تو مدد کی بجائے صرف دلاسہ ہی ملے گا)
رکشے والے نے کہا۔
تم کسی کو گلی میں بلا کر لا نہیں سکتے تھے؟ اس نے اپنا کئی عذر پیش کیا اور اپنی مصروفیت بتائی۔
رکشا دوبارہ اپنے سفر پر گامزن ہو گیا۔
ڈرائیور: یہ ساتھ ہی تھانہ ہے۔ آؤ چلتے ہیں۔
میں: چھوڑو یار ۔ مجھے کلاس پڑھانی ہے۔ جلدی کرو۔
ڈرائیور نے ان ڈاکوؤں کو غائبانہ گالیں دیں۔ ان کے رزق حرام پر اور قوم کی حالت زار پر پر سوز تبصرہ کیا۔
اور میں سنا کِیا۔
پھر فیروز پر روڈ اس نے کہا۔
میرے ساتھ یہ دوسرا واقعہ ہوا ہے۔ پہلی بار فیصل ٹاؤن سے ڈائیوو بس ٹرمینل تک آتے ہوئے ایک بار گرمیوں کی صبح چھ سے سات کے درمیان کا وقوعہ بتایا۔ اس میں ایک فیملی کو لوٹا گیا تھا برکت مارکیٹ کے پاس۔اور اس واقعے کے پس منظر میں رکشے والے نے پولیس کو ڈاکوؤں کا حصہ دار اور بالواسطہ ملوث قرار دیا۔
میں نے سوچا کہ ان دونوں واقعات میں ہر بار ڈاکو مسافروں سے رقم اور سونا اور موبائل چھینتے ہیں۔ رکشے والے کو کیوں معاف کر دیتے ہیں۔
میں نے کہا۔ میرے ساتھ برکت مارکیٹ میرے دفتر تک چلو۔ آپ کو آپ کاکرایہ دیتا ہوں۔ میری جیب میں بیس روپے بچ گئے تھے۔دفتر پہنچ کر اس کو پچاس روپے دیے۔ کلاس پڑھائی۔ اب یہ واقعہ اردو میں کمپوز کیا۔ ۷ بج کر ۱۷ منٹ۔ ۲۰ جون۲۰۱۲۔ عبدالرزاق قادری

ہفتہ، 9 جون، 2012

Pakistan Fort of Islam Dreamed Shah Faisal

شاہ فیصل کا خواب
1965 کی پاک بھارت جنگ کے دوران شاہ فیصل مضطرب رہتے تھے اور راتوں کو جاگتے رہتے تھے۔ انہی دنوں ایک رات خواب میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے شاہ فیصل کو حکم دیا کہ:
"پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنانے اور اسے نا قابل تسخیر بنانے میں مدد کرو۔ وہاں دین اسلام کی فوج میں ترویج اسلام کی سعی کرو"
شاہ فیصل گھبرا کر اٹھے، صبح اپنے بھائیوں اور معتمد شخصیات کو بلوا کر انہیں خواب میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بشارت اور حکم سنایا، چنانچہ پاکستان کی مالی مدد کے علاوہ شاہ فیصل مسجد اسی خواب کی تعبیر ہے۔
" نوائے وقت میگزین، اشاعت 15 فروری 2004 ء بحوالہ کتاب، انسان قیامت کی دہلیز پر"
کتاب میرے پاس موجود ہے۔ واللہ اعلم
عبدالرزاق قادری 

بدھ، 6 جون، 2012

کیا سید احمد شہید مشرک تھے؟

قیامت خیز ہے افسانہء پُر درد وغم میرا
نہ کھلواؤ زبان میری نہ اُٹھواؤ قلم میرا
کتاب :مخزن احمدی
مصنف: مولوی سید محمد علی شاہ
زبان: فارسی
موضوع : کتاب فیض مآب در ذکر سید احمد صاحب قدس سرہ سر چشمہء فیض سرمدی
صفحہ99
سید احمد شہید فرماتے ہیں :
اردو میں ترجمہ
"نصف شب کے قریب ہم مقام سرف پر پہنچے جہاں ام المومنین سیدہ میمونہ ان پر اور ان کے شوہر پر صلٰوۃ وسلام اللہ ملک العلام کی جانب سے ، کا مزار فایض الانوار ہے  یہ اتفاقات عجیبہ سے تھا کہ اس روز ہم نے کھانا نہ کھایا تھا میں نے ادھر اُدھر بہت کوشش کی مگر کھانا نہ ملا چار و ناچار بغرض زیارت حجرہ مقدسہ حضرت ام المومنین سیدہ میمونہ رضی اللہ تعالٰی عنہا پر حاضر ہوا ام المومنین کی قبر شریف کے سامنے کھڑے ہو کر گدایانہ ندا کی اے میری جدہ امجدہ یعنی اے میری دادی جان میں آپ کا مہمان ہوں کھانے کو کچھ عنایت فرمائیے۔ وہیں کھڑے کھڑے ام المومنین حضرت میمونہ رضی اللہ عنہا کی خدمت اقدس میں سلام عرض کیا، سورۃ فاتحہ پڑھی، سورۃ اخلاص کی تلاوت کی تاکہ سیدہ کی روح پُر فتوح کو ثواب پہنچایا جائے۔ ام المومنین سیدہ کی قبر انور پر سر رکھ دیا اسی وقت رازق مطلق اور دانائے بر حق نے دو تازہ گچھے انگور کے میرے ہاتھ میں دے دیے ۔ طرفہ تر یہ کہ وہ موسمِ سرما تھا اور اس وقت انگور تازہ میسر نہ تھے۔ میں حجرہ شریف سے باہر آیا تو ہر کسی کو ان انگوروں سے ایک ایک دانہ تقسیم کیا۔"


آپ ہی اپنی اداؤں پر غور کیجیے حضور
ہم کچھ عرض کریں گے تو شکایت ہوگی


دل کے پھپھولے جل اٹھے سینے کے داغ سے
اس گھر کوآگ لگ گئی گھر کے چراغ سے


کس طرح فریاد کرتے ہیں بتا دو پورا قاعدہ
اے اسیرانِ چمن میں نو گرفتاروں میں سے ہوں


دل سے جو بات نکلتی ہے اثر رکھتی ہے
پر نہیں طاقت پرواز مگر رکھتی ہے


ہم آہ بھی کرتے ہیں تو ہو جاتے ہیں بدنام
وہ قتل بھی کرتے ہیں تو چرچا نہیں ہوتا


حوالہ کتاب: اُلجھا ہے پاؤں یار کا زلف دراز میں